ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹیموں کی سالانہ فیس میں اضافہ
06-27-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کی سالانہ فیس میں اضافہ کر دیا، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی نئی پالیسی کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سالانہ فیس کے اضافے سے کئی ڈیپارٹمنٹس نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پی سی بی نے کھلاڑیوں کے ماہانہ معاوضے کی بھی کم از کم حد مقرر کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیپارٹمنٹل گریڈ ون ٹیم کے لیے فیس ڈیڑھ کروڑ سالانہ اور گریڈ ٹو گولڈ ٹیم کی سالانہ فیس 42 لاکھ اور سلور کی 40 لاکھ مقرر کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیپارٹمنٹس کے لیے گریڈ ون میں 1 کھلاڑی کو کم از کم ماہانہ 1 لاکھ 25 ہزار اور سالانہ 15 لاکھ روپے دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ گریڈ ٹو گولڈ کو 75 ہزار ماہانہ اور سلور کو 50 ہزار روپے ماہانہ دینا لازمی قرار دیا گیا ہے، ڈیپارٹمنٹس کے لیے کھلاڑیوں کے ساتھ 1 سال کا معاہدہ کرنا بھی لازمی ہو گا۔ ذرائع کے مطابق تمام اخراجات ڈیپارٹمنٹس برداشت کرتے ہیں، سالانہ فیس میں اضافہ ڈیپارٹمنٹس کی حوصلہ شکنی ہے، پہلے فیس 30 لاکھ کی گئی، پچھلے سال 50 لاکھ اور اب ڈیڑھ کروڑ کر دی گئی جو زیادتی ہے۔ کھلاڑیوں کو مناسب معاوضوں کی ادائیگی کی جاتی ہے، حد مقرر کرنا مناسب نہیں، یہ سالانہ فیس کے ساتھ اضافی بوجھ ہو گا۔ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ فرسٹ کلاس، پریذیڈنٹ کپ ون ڈے اور پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ اینڈ سلور کے حوالے سے پالیسی جاری کی گئی۔ گریڈ ون میچ فیس 10 ہزار روپے اور ریزور کو 5 ہزار جبکہ ڈیلی الاؤنس 5 ہزار الگ مقرر کی گئی ہے، گریڈ ٹو میں میچ فیس 5 ہزار اور ڈیلی الاؤنس 4 ہزار مقرر ہے۔ 29 جون کو پی سی بی ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا، جس میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے حوالے سے کیے جانے والے فیصلوں پر گفتگو ہو گی۔