محرم الحرام: محکمہ صحت کی ٹیمیں عوام کی خدمت کیلئے ہر لمحہ متحرک رہیں: خواجہ عمران نذیر
06-26-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے محرم الحرام میں فرائض انجام دینے والے افسران اور عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ شدید گرمی اور مشکل حالات کے باوجود محکمہ صحت و آبادی کے افسران اور عملے نے مثالی خدمات سرانجام دیں، فیلڈ ہسپتالوں اور کلینک آن ویلز کے ذریعے عزاداروں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئیں، محرم الحرام کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں عوام کی خدمت کے لیے ہر لمحہ متحرک رہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پُرامن، محفوظ اور طبی سہولیات سے آراستہ محرم الحرام کے وژن کو کامیابی سے عملی شکل دی گئی، عوام کو بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی محکمہ صحت و آبادی کی اولین ترجیح رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران بہترین طبی انتظامات ٹیم ورک، منصوبہ بندی اور انتھک محنت کا نتیجہ ہیں۔