’الحمدللہ، شاباش ٹیم پنجاب‘ مریم نواز کا محرم الحرام کے پرامن انعقاد پر پیغام

06-26-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے پرامن، باوقار اور منظم انعقاد پر پنجاب کی تمام انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا، "الحمدللہ... شاباش ٹیم پنجاب"، اور کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی محرم الحرام کا پرامن، باوقار اور منظم انعقاد ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد پر تمام صوبائی وزراء، اراکینِ پنجاب اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب، محکمہ صحت اور لوکل گورنمنٹ کے تمام افسران اور اہلکاروں کو دل کی گہرائیوں سے شاباش دیتی ہیں، جنہوں نے دن رات محنت کرکے اپنے فرائض انجام دیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود عزاداروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے۔ جلوسوں کے راستوں پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں قائم کی گئیں، عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کیا گیا اور گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے سموگ گنز کے ذریعے پانی کی پھوار کا انتظام کیا گیا، جس سے عزاداروں کو نمایاں سہولت ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر ستھرا پنجاب کی ٹیموں نے صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا، جبکہ تمام اداروں کے باہمی تعاون اور ٹیم ورک نے ایک بہترین مثال قائم کی۔ مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ جھلسا دینے والی گرمی کے باوجود پولیس کے افسران اور اہلکار سڑکوں پر متحرک رہے اور موسم کی سختی کی پروا کیے بغیر عزاداروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی فرض شناسی اور شب و روز محنت کی بدولت عاشورہ انتہائی پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ عوام کی خدمت کو ترجیح دینے والے تمام بہادر جوان قابلِ تحسین ہیں۔ "آپ ہمارا فخر ہیں، جیتے رہیے۔"