این ڈی ایم اے کا پنجاب سمیت ملک میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری
06-26-2026
(لاہور نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
پنجاب میں میانوالی، خوشاب، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، شیخوپورہ، قصور، لیہ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، حاصل پور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں اور گرج چمک کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حدِ نگاہ متاثر ہونے اور تیز ہواؤں سے بجلی کے نظام اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ الرٹ میں این ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں این ڈی ایم اے کے مطابق ، سندھ، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور طوفانی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔