پی ٹی اے کا موبائل فون خریدنے والوں کے لئے اہم پیغام جاری
06-26-2026
(لاہور نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون خریدنے والوں کے لئے اہم پیغام جاری کر دیا۔
غیر قانونی یا پی ٹی اے سے غیر منظور شدہ موبائل فونز ’’ڈیوائس شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ نظام‘‘ (ڈی آئی آر بی ایس) کے تحت خودکار طور پر بند کر دیئے جاتے ہیں۔ پی ٹی اے نے فراڈ، سمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے ’’ڈیوائس شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ نظام‘‘ متعارف کرایا ہے، جو پاکستان میں موبائل فونز کی رجسٹریشن کو یقینی بناتا ہے۔ غیر رجسٹرڈ بین الاقوامی موبائل آلات کی شناختی نمبر (آئی ایم ای آئی) والی ڈیوائسز اس نظام کے ذریعے بند کر دی جاتی ہیں، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ موبائل فون کی قانونی حیثیت یقینی بنانے کیلئے وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا ٹیکس ادا کریں اور اپنی ڈیوائس کو پی ٹی اے سے منظور کروائیں۔