کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ نئے نظام کے تحت لیا گیا ہے: ڈائریکٹر سپورٹس
06-26-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر سپورٹس اور ایکسرسائز میڈیسن جاوید مغل نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں جاری ریڈ بال اور وائٹ بال کیمپس کے حوالے سے بتایا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ 24 ٹیسٹوں پر مشتمل نئے نظام کے تحت لیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید مغل نے کہا کہ دونوں کیمپس میں 50 سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جہاں ہر کھلاڑی کا بیس لائن ڈیٹا تیار کرنا اس ٹیسٹنگ کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیس لائن ڈیٹا سے کھلاڑیوں کی خوبیوں اور بہتری کے شعبوں کی نشاندہی ہوتی ہے اور اس ڈیٹا کی مدد سے ہر کھلاڑی کے ساتھ انفرادی اور منظم انداز میں کام کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر جاوید مغل نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ فزیوتھراپسٹ اور سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ میڈیکل سٹاف صبح اور شام کے سیشنز میں کھلاڑیوں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ ڈائریکٹر سپورٹس نے کہا کہ کھلاڑیوں کی انجریز کے علاج، فٹنس میں بہتری اور ریکوری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور ہم کھلاڑیوں کی بہتری کیلئے مرحلہ وار انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ڈائٹ، نیوٹریشن اور ریکوری پر لیکچرز دیئے گئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں کو اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے بھی آگاہی دی گئی ہے۔ ڈاکٹر جاوید مغل نے کہا کہ کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھائیں گے تو تمام سٹیک ہولڈرز کو فائدہ ہو گا، ریڈ بال کھلاڑیوں کی مارچ میں بھی ٹیسٹنگ کی گئی تھی اور گزشتہ تین ماہ میں تین سے چار کھلاڑیوں کی فٹنس اور سٹرینتھ میں 40 سے 50 فیصد بہتری آئی ہے۔