ایف بی آر کی ٹیکسٹائل ملوں کو کیمرے نصب نہ کرنے پر سخت وارننگ

06-26-2026

(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر کی ٹیکسٹائل ملوں کو نگرانی کے کیمرے نصب نہ کرنے پر سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے الٹی میٹم دے دیا۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر  نے 180 ٹیکسٹائل ملز کے مالکان کو حتمی وارننگ جاری کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ یکم جولائی تک تمام ملوں میں نگرانی کے کیمرے لازمی طور پر نصب کئے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمرے مل مالکان اپنے اخراجات پر نصب کریں گے، جبکہ ہدایت پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ ملوں کو بند تصور کیا جائے گا۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق اس سے قبل شوگر، سیمنٹ اور کھاد فیکٹریوں میں بھی اسی نوعیت کا نگرانی نظام نافذ کیا جا چکا ہے، جس کا مقصد پیداوار اور ٹیکس نظام کی بہتر مانیٹرنگ کو یقینی بنانا ہے۔