یومِ عاشور: ٹریفک پولیس کا خصوصی پلان، متبادل راستے مقرر
06-26-2026
(لاہور نیوز) سٹی ٹریفک پولیس نے یومِ عاشور کے مرکزی جلوس کے موقع پر جامع ٹریفک ایڈوائزری اور ڈائیورژن پلان جاری کر دیا۔
مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہو کر مقررہ روٹس سے گزرتا ہوا امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ایس پی ٹریفک سٹی زون مقصود لون جلوس کی نگرانی کریں گے، جبکہ 6 سرکل افسران، 210 سینئر ٹریفک وارڈنز، 140 پٹرولنگ افسران اور ایک ہزار سے زائد وارڈنز ڈیوٹی انجام دیں گے، ٹریفک کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے اور ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے روٹس ہر وقت کلیئر رکھے جائیں گے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کیلئے متبادل راستوں کا بھی اعلان کیا ہے، جبکہ شاہدرہ، ملتان روڈ، فیروزپور روڈ، بند روڈ اور اندرون شہر سے آنے والی ٹریفک کو مختلف ڈائیورژن کے ذریعے منزل تک پہنچایا جائے گا، جلوس کے روٹ پر کسی بھی قسم کی گاڑی یا موٹرسائیکل کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سی ٹی او نے بتایا کہ زائرین ایوانِ عدل، گورنمنٹ سینٹرل ماڈل ہائی سکول، داتا دربار آئی ہسپتال، لنڈا بازار، برانڈتھ روڈ، چیمبرلین روڈ اور بانسوں والا بازار میں قائم پارکنگ مقامات استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری ریڈیو ایف ایم 88.6، راستہ ایپ اور ہیلپ لائن 15 کے ذریعے ٹریفک کی تازہ صورتحال اور رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔