آئی جی پنجاب عبدالکریم کا موچی گیٹ کا دورہ، عاشورہ جلوس کی سکیورٹی کا جائزہ
06-26-2026
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے رات گئے موچی گیٹ کا دورہ کرکے یومِ عاشور کے مرکزی عزاداری جلوس کے روٹس پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا،اس موقع پر سینئر پولیس افسران نے انہیں سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔
دورے کے دوران آئی جی پنجاب نے شیعہ کمیونٹی کے رہنماؤں، منتظمینِ مجالس اور عزاداری جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی۔ کمیونٹی رہنماؤں نے محرم الحرام کے دوران پنجاب پولیس کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عبدالکریم نے مرکزی جلوس کے روٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں الرٹ رہ کر فرائض انجام دینے کی ہدایت کی، جبکہ روٹ کی صفائی پر مامور "ستھرا پنجاب" کے اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ یومِ عاشور پر صوبے بھر میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ محرم الحرام کی سکیورٹی کے لیے تقریباً ایک لاکھ پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ہیں، جبکہ امن دشمن اور دہشت گرد عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق علما کرام، جلوسوں کے منتظمین اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس کنٹرول رومز فعال ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔