ساڑھے 3 سال بعد پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز کو مستقل چیئرمین مل گئے
06-25-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں ساڑھے 3 سال بعد مستقل چیئرمینوں کی تقرری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور منتخب امیدواروں کے نام نوٹیفکیشن کے اجرا کے لیے مجاز اتھارٹی کو بھجوا دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز گزشتہ 3 سے 4 سال سے مستقل چیئرمینوں سے محروم تھے، جس کے باعث انتظامی امور قائم مقام چیئرمینوں کے طور پر متعلقہ کمشنرز چلا رہے تھے۔ راولپنڈی تعلیمی بورڈ کیلئے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے پروفیسر طاہر محمود کو چیئرمین منتخب کیا گیا ہے جبکہ فیصل آباد بورڈ کیلئے ڈاکٹر اقصیٰ شبیر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اسی طرح لاہور بورڈ کیلئے ڈاکٹر بدرالاسلام، ملتان بورڈ کیلئے ڈاکٹر رانا بنیامین، سرگودھا بورڈ کیلئے اقبال محمود، گوجرانوالہ بورڈ کیلئے اشتیاق احمد، ساہیوال بورڈ کیلئے ڈاکٹر احمد منیب، بہاولپور بورڈ کیلئے ڈاکٹر نسیم اور ڈیرہ غازی خان بورڈ کیلئے عباس حیدر کو چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تقرریوں کے نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری کیے جا سکتے ہیں۔ اگر کسی منتخب امیدوار نے ذمہ داری سنبھالنے سے انکار کیا تو متبادل امیدواروں کے نام بھی مجاز اتھارٹی کو بھجوائے جا چکے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں بورڈز کے کنٹرولر امتحانات اور سیکریٹریز کی تقرریاں کی جائیں گی، یہ دونوں اہم عہدے بھی گزشتہ تقریباً تین سال سے مستقل افسران سے محروم ہیں جس کے باعث تعلیمی بورڈز کے انتظامی معاملات متاثر ہو رہے تھے۔