محرم الحرام اور عرس داتا دربار: لاہور میں ریسکیو 1122 ہائی الرٹ
06-25-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت میں محرم الحرام اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے موقع پر ریسکیو 1122 نے خصوصی ایمرجنسی انتظامات مکمل کر لیے ہیں، شہر بھر میں ریسکیورز، ایمبولینسز اور امدادی گاڑیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق لاہور کے اہم مقامات، مجالس اور جلوسوں میں 1350 ریسکیورز تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 55 ایمبولینسز، 300 ریسکیو موٹر بائیکس، 42 فائر اینڈ ریسکیو وہیکلز اور دو جدید ہائی ٹیک اسنارکل گاڑیاں بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق عزاداروں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے مختلف مجالس کے مقامات پر ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، بڑے جلوسوں کے آگے اور پیچھے اضافی ایمبولینسز بھی تعینات کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شادمان، اسلام پورہ اور دیگر علاقوں میں منعقد ہونے والے مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کو ریسکیورز مسلسل میڈیکل کور فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ داتا دربار پر جاری عرس کی تقریبات میں شریک زائرین کو بھی ایمرجنسی کور فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق اب تک 34 عزاداروں کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ فراہم کی جا چکی ہے، تمام امدادی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ ضلعی ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر رضوان احمد چوہدری نے پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہونے والے جلوس کا دورہ کیا اور مختلف ریسکیو پوسٹوں کا معائنہ کرتے ہوئے میڈیکل کور اور ایمرجنسی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق محرم الحرام کے خصوصی انتظامات کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں معمول کی ریسکیو سروسز اور آپریشنز بھی جاری ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور اور صوبائی مانیٹرنگ سیل تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ ترجمان ریسکیو پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔