داتا دربار لاہور میں 983ویں سالانہ غسلِ مزار کی تقریب مکمل

06-25-2026

(لاہور نیوز) حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے غسل مزار کی مرکزی تقریب داتا دربار لاہور میں عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، چوہدری شافع حسین، معاون خصوصی علی دار کی شرکت ہوئی، اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار اور ایس ایم بی آر نبیل جاوید بھی موجود تھے۔ حکام کے مطابق غسلِ مزار کی تقریب کیلئے سکیورٹی اور ویلفیئر کے مثالی انتظامات کئے گئے، داتا دربار کے تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے جبکہ دربار کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے چوبیس گھنٹے نگرانی جاری رہی۔ خواتین زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئیں، جبکہ پارکنگ کے خصوصی انتظامات دربار سے محفوظ فاصلے پر کئے گئے۔ انتظامیہ کے مطابق لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے، فائر بریگیڈ، بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور میڈیکل سٹاف بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موقع پر موجود رہا۔ علاوہ ازیں، زائرین میں تقسیم کئے جانے والے لنگر اور سبیل کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں بھی مختلف مقامات پر تعینات رہیں، حکام کا کہنا ہے کہ تقریب کے دوران زائرین کی سہولت، سکیورٹی اور صحت کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے گئے۔