پنجاب کے سرکاری کالجز میں ایم ڈی کیٹ کی مفت تیاری کیلئے خصوصی کلاسز

06-25-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے میڈیکل کالجز میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے صوبے بھر کے سرکاری کالجز میں ایم ڈی کیٹ کی مفت تیاری کیلئے خصوصی کلاسز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

حکام کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایم ڈی کیٹ تیاری پروگرام کا آغاز 29 جون سے ہو گا، جبکہ اس مقصد کیلئے طلبہ کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق پنجاب کے 54 سے زائد سرکاری کالجز میں ایم ڈی کیٹ امیدواروں کو مفت کوچنگ اور اکیڈمک سپورٹ فراہم کی جائے گی، یہ خصوصی تربیتی پروگرام ایک ماہ تک جاری رہے گا، جس کے دوران طلبہ کو امتحان کی جامع تیاری کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ لاہور کے بڑے سرکاری کالجز سمیت مختلف اضلاع میں ماہر اور تجربہ کار اساتذہ طلبہ کو خصوصی لیکچرز دیں گے، جبکہ امتحانی تیاری کو بہتر بنانے کیلئے ٹیسٹ سیشنز اور پریکٹس اسیسمنٹس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پروگرام کے تحت طلبہ کو نہ صرف نصابی تیاری میں مدد فراہم کی جائے گی بلکہ امتحانی حکمت عملی، وقت کے مؤثر استعمال اور سوالات حل کرنے کی تکنیکوں کے حوالے سے بھی رہنمائی دی جائے گی۔