نویں اور دسویں محرم الحرام: عزاداری جلوسوں کے باعث میٹرو بس سروس معطل

06-25-2026

(لاہور نیوز) نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر عزاداری جلوسوں کی برآمدگی اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر میٹرو بس سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ کی سکیورٹی کے باعث میٹرو بس سروس کو جزوی طور پر صبح 12 بجے تک محدود رکھا گیا، تاہم بعد ازاں روٹس کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق یومِ عاشور (10 محرم الحرام) کے موقع پر میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند رہے گی تاکہ جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی اور ٹریفک کے انتظامات مؤثر طریقے سے انجام دیئے جا سکیں۔ فیصلے کے تحت گجومتہ سے شاہدرہ تک میٹرو بس سروس کے تمام اسٹیشنز کو بند کر دیا گیا ہے اور اس روٹ پر مکمل آپریشن معطل رہے گا۔ دوسری جانب شہریوں کی سہولت کیلئے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا آپریشن علی ٹاؤن سے ڈیرہ گجراں تک معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عزاداری جلوسوں کے دوران سکیورٹی، امن و امان اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متبادل سفری ذرائع استعمال کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔