یومِ عاشورہ: ایدھی فاؤنڈیشن لاہور ہائی الرٹ، ایمبولینسز اور رضاکار تعینات
06-25-2026
(لاہور نیوز) یومِ عاشورہ اور 9، 10 محرم الحرام کے موقع پر ایدھی فاؤنڈیشن لاہور نے اپنے تمام سٹاف اور رضاکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ہنگامی سروسز کے خصوصی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق شہر بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے دوران 50 ایدھی ایمبولینسز اور 150 رضاکار مختلف مقامات پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ نو محرم الحرام کے موقع پر ایدھی رضاکار پانڈو سٹریٹ، اسلام پورہ، مغل پورہ، وسن پورہ، کھاڑک، ملتان روڈ، ظفر کالونی، علامہ اقبال ٹاؤن، امامیہ کالونی، جلو موڑ اور دیگر اہم علاقوں میں ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن نے شہر بھر میں جلوسوں کے روٹس پر اہم مقامات پر طبی امدادی کیمپ بھی قائم کئے ہیں، جہاں عزاداروں کو بروقت طبی سہولیات اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی یا ایمرجنسی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ایدھی کنٹرول روم کے ہیلپ لائن نمبر 115 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور عزاداروں کو فوری امداد کی فراہمی ایدھی فاؤنڈیشن کی اولین ترجیح ہے۔