لاہورمیں 9 محرم الحرام کا جلوس برآمد ، سکیورٹی ہائی الرٹ

06-25-2026

(لاہور نیوز) شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کوسلام۔ لاہور سمیت ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

لاہور سمیت مختلف شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور نگرانی کے دیگر جدید نظاموں سے مدد لی جا رہی ہے۔ کئی شہروں میں ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا اور موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔ لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگیا، جلوس سراج بلڈنگ، اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی کی جانب جائے گا۔ مرکزی جلوس پرانی انارکلی، اے جی آفس اور بابا موج دریا روڈ کے راستے امام بارگاہ خیمہ سادات پہنچے گا، خیمہ سادات میں مجلس عزا اور نماز مغربین کی ادائیگی کے بعد جلوس دوبارہ روانہ ہوگا، جلوس خیمہ سادات سے واپس اپنے مقررہ روٹ کے مطابق روانہ ہو کر پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی سکیورٹی پر 2500 کے قریب پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ پاک فوج کے دستے الرٹ رہے گے۔