زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کیلئے پراپرٹی ٹربیونلز فعال کرنے کا فیصلہ

06-25-2026

(محمد اشفاق) پنجاب حکومت نے زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے صوبے بھر میں پراپرٹی ٹربیونلز کو فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس سلسلے میں نامزد ججز کو پراپرٹی ٹربیونلز مقرر کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت پنجاب نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سے مشاورت کے بعد ہر ضلع میں تعینات ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو متعلقہ پراپرٹی ٹربیونلز کا جج مقرر کر دیا، نوٹیفکیشن کی نقول چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی۔ حکام کے مطابق پراپرٹی ٹربیونلز کل سے باقاعدہ طور پر کارروائیوں کا آغاز کریں گے اور زمینوں پر غیر قانونی قبضوں سے متعلق مقدمات کی سماعت کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ ضلعی ریزولوشن کمیٹیاں بھی قبضہ مافیا کے خلاف عملی اقدامات شروع کریں گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی جائیدادوں کا تحفظ یقینی بنانا، قبضہ مافیا کی حوصلہ شکنی کرنا اور زمینوں سے متعلق تنازعات کے فوری اور مؤثر حل کو ممکن بنانا ہے۔