داتا دربار کے سالانہ غسل مبارک کے موقع پر خصوصی ٹریفک پلان نافذ

06-25-2026

(لاہور نیوز) حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کے سالانہ غسل مبارک کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے داتا دربار اور اس کے اطراف خصوصی ٹریفک انتظامات نافذ کر دیئے ہیں تاکہ زائرین کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی کی ہدایت پر آزادی فلائی اوور سے داتا دربار کی جانب آنے والی ٹریفک کا داخلہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور گاڑیوں کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق آزادی فلائی اوور سے آنے والی تمام ٹریفک کو لاری اڈہ، سرکلر روڈ، ریلوے اسٹیشن اور دیگر متبادل شاہراہوں کی جانب ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے، اسی طرح ضلع کچہری چوک سے داتا دربار کی طرف جانے والی ٹریفک کا داخلہ بھی بند رکھا گیا ہے۔ پی ایم جی چوک سے آنے والی گاڑیوں کو کچہری چوک کے راستے آؤٹ فال روڈ کی جانب موڑا جا رہا ہے، جبکہ بھاٹی چوک سے داتا دربار آنے والی ٹریفک کو بھی متبادل روٹس اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کرتے ہوئے لاہور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ عرس مبارک اور غسل مبارک کی تقریبات کے دوران زائرین کو سہولیات کی فراہمی، ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنا اور سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔