خواتین کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار، ویڈیوز اور تصاویر برآمد

06-25-2026

(لاہور نیوز) قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے نے خواتین کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ، جس کے قبضے سے بڑی تعداد میں قابل اعتراض مواد برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ملزم کے زیرِ استعمال ڈیجیٹل ڈیوائسز سے تقریباً 40 خواتین کا ذاتی ڈیٹا حاصل ہوا ہے، ابتدائی تفتیش کے دوران 763 قابل اعتراض ویڈیوز اور 1338 تصاویر بھی برآمد کی گئی ہیں۔ این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر خواتین کی نجی معلومات اور تصاویر کا غلط استعمال کرتے ہوئے انہیں بلیک میل کرتا تھا، برآمد شدہ مواد کو فرانزک جانچ کیلئے بھجوا دیا گیا ہے تاکہ مزید شواہد اکٹھے کئے جا سکیں۔ تحقیقاتی ادارے کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا اس کارروائی میں دیگر افراد بھی ملوث ہیں یا نہیں، حکام  نے متاثرہ خواتین کی شناخت صیغۂ راز میں رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دوسری جانب سائبر کرائم حکام  نے شہریوں، خصوصاً خواتین، کو سوشل میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز پر اپنی ذاتی معلومات اور تصاویر شیئر کرتے وقت احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔