عاشورہ: لاہور میں ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری

06-24-2026

(لاہور نیوز) لاہور ٹریفک پولیس نے نویں، دسویں محرم الحرام کے موقعہ پر ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کردیا۔

نویں، دسویں محرم الحرام کو شہر میں 378 سے زائد مجالس اور شہر کے مختلف مقامات سے 46 جلوس برآمد ہونگے، سی ٹی او لاہور  نے کہا کہ نویں دسویں محرم الحرام کو 06 بڑے جلوس برآمد ہونگے۔ شہریوں، زائرین اور شرکاء ذوالجناح پروسیشنز کیلئے بہترین اقدامات کئے گئے ہیں، جلوسوں کے روٹس، پارکنگ و ڈائیورشن پوائنٹس کو فرداً فرداً چیک کرتے ہوئے ڈیوٹی تعینات کی گئی ہے، سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی  تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کریں گے۔ مجموعی طور پر 02 سو سے زائد ٹریفک انسپکٹرز اور 23 سو سے زائد ٹریفک اہلکار ڈیوٹی دیں گے، مرکزی جلوس نثار حویلی سے مرکزی جلوس برآمد ہوکر قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔ دوسرا بڑا جلوس پانڈواسٹریٹ سے خیمہ سادات اور پھر پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا، تیسرا بڑا جلوس شادمان قصر بتول سے برآمد ہو گا، لال پل نبی پور شیعاں، ماڈل ٹاؤن، چوہنگ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے ذوالجناح برآمد ہونگے۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ایمرجینسی گاڑیوں کیلئے فوری راستہ کلیئر رکھا جائے گا، جلوسوں اور مجالس کیلئے پارکنگ کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں، سوشل میڈیا اور راستہ ایپ سے ٹریفک صورتحال بارے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے گا۔ شہریوں کو ہمہ وقت ہیلپ لائن 15 پر مدد اور راہنمائی فراہم کی جائے گی، سٹی ٹریفک پولیس امان و عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کےلئے الائیڈ محکموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں گے، سی ٹی او لاہور  نے لاوارث اشیاء اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا، شہری ٹریفک ایڈوائزری پلان پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے سفر پر گامزن رہیں۔