حج 2027 آن لائن رجسٹریشن، 51 ہزار سے زائد درخواستیں موصول
06-24-2026
(لاہور نیوز) وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن مہم کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی، جس کے نتیجے میں 2 روز کے دوران رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 46 ہزار افراد نے آن لائن پورٹل کے ذریعے جبکہ 5 ہزار افراد نے پاک حج موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کی۔ اعداد و شمار کے مطابق 41 ہزار افراد نے سرکاری حج سکیم جبکہ 10 ہزار افراد نے پرائیویٹ حج سکیم کا انتخاب کیا ہے، رجسٹریشن کرانے والوں میں پنجاب کے 24 ہزار، سندھ کے 16 ہزار، خیبر پختونخوا کے 7 ہزار اور اسلام آباد کے 3 ہزار شہری شامل ہیں۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ بلوچستان سے 800، آزاد کشمیر سے 260 اور گلگت بلتستان سے 77 افراد نے حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے، رجسٹرڈ عازمین میں 30 ہزار مرد اور 21 ہزار خواتین شامل ہیں، جبکہ 30 سے 48 سال عمر کے افراد کی تعداد نمایاں رہی۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج آپریشن کو مکمل طور پر پیپر لیس اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عازمین کو سہل، شفاف اور جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ حج 2027 کے لیے لازمی رجسٹریشن مہم بلا تعطل جاری رہے گی، جبکہ حج اخراجات، پیکیجز اور دیگر تفصیلات دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی۔ وزارت مذہبی امور نے خواہشمند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ آئندہ مراحل میں انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، رجسٹریشن کے لیے وزارت مذہبی امور کے آن لائن پورٹل سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔