سرور روڈ پولیس کی کارروائی، خواتین کو ہراساں کرنے والا اوباش ملزم گرفتار
06-24-2026
(لاہور نیوز) سرور روڈ پولیس نے خواتین کو ہراساں کرنے اور نازیبا اشارے کرنے والے اوباش ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او سرور روڈ رانا عرفان نے 15 پر موصول ہونے والی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کیلئے اقدامات کئے، ملزم بشارت علی پر الزام ہے کہ اس نے راستے سے گزرنے والی ماں اور بیٹی کو ہراساں کیا اور ان کی جانب نازیبا اشارے کئے۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزم بشارت علی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزم کی فوری گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چند گھنٹوں کی مسلسل کوششوں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایس ایچ او سرور روڈ رانا عرفان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزم بشارت علی کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی کینٹ اختر نواز نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور ان پر تشدد کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور ایسے ملزمان کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔