پنجاب بھر کے سکولوں میں پری مون سون اقدامات کے لیے سخت ہدایات
06-24-2026
(لاہور نیوز) محکمہ تعلیم نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر پری مون سون اقدامات یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق تمام سکول سربراہان اور درجہ چہارم کے ملازمین کو سکول اوقات کار کے دوران اپنی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ ہدایات کے تحت سکول سربراہان کو چھتوں، نکاسی آب کے نظام اور سکول عمارتوں کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خستہ حال عمارتوں کا معائنہ اور طلبہ و اساتذہ کی حفاظت کے لیے ضروری انتظامات کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ مون سون کے دوران حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسران اور سکول سربراہان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مون سون بارشوں کے دوران طلبہ، اساتذہ اور سکول املاک کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنا اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔