پنجاب: 19 اضلاع کے 31 ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک

06-23-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں اہم پیش رفت، 19 اضلاع سے حاصل کیے گئے 31 ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک قرار دیے گئے جبکہ ان نتائج کی تصدیق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی کر دی ہے۔

پولیو وائرس سے پاک قرار دیے جانے والے نمونوں میں لاہور سمیت صوبے کے متعدد اضلاع شامل ہیں، رپورٹ کے مطابق ملتان، فیصل آباد، اٹک، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور گوجرانوالہ کے نمونے منفی آئے ہیں۔ اسی طرح گجرات، جھنگ، خانیوال، میانوالی، اوکاڑہ، راجن پور، راولپنڈی، رحیم یارخان، ساہیوال، سرگودھا اور سیالکوٹ کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی نہیں پائی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس کامیابی پر محکمہ صحت، پولیو پروگرام سے وابستہ ٹیموں اور عالمی شراکت داروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خصوصی شاباش دی اور کہا کہ عالمی ادارہ صحت اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کا تعاون پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں انتہائی اہم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیو ورکرز، رضاکار، سپروائزرز اور مانیٹرز اس کامیابی کے حقیقی ہیرو ہیں جن کی انتھک محنت کے باعث مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ مریم نواز  نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے۔