سوہائے علی ابڑو نے علیحدگی کی افواہوں کی تردید کر دی

06-23-2026

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سوہائے علی ابڑو نے اپنے شوہر شہزار محمد سے علیحدگی کی گردش کرنے والی افواہوں کی بالآخر تردید کر دی۔

گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں جاری تھیں کہ سوہائے علی ابڑو اور ان کے شوہر شہزار محمد کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے، تاہم اداکارہ نے اپنے حالیہ انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ سوہائے علی ابڑو نے اپنی تازہ پوسٹ میں شوہر اور بیٹی کے ساتھ خوشگوار لمحات کی تصاویر شیئر کیں، جن میں تینوں ایک خوش و خرم خاندان کے طور پر نظر آئے، اداکارہ نے اپنے شوہر کو ’’بہترین والد‘‘ اور ایک ’’خاص انسان‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کے لیے محبت بھرے جذبات کا اظہار بھی کیا۔ تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر پھیلنے والی علیحدگی کی افواہیں دم توڑ گئیں، جبکہ مداحوں نے اس جوڑے کے لیے نیک تمناؤں اور محبت بھرے پیغامات کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ سوہائے علی ابڑو نے مارچ 2021 میں سابق کرکٹر سلیم محمد کے بیٹے شہزار محمد سے شادی کی تھی، اس جوڑے کی ایک بیٹی بھی ہے۔ شادی کے بعد اداکارہ نے کچھ عرصے کے لیے شوبز سرگرمیوں سے وقفہ لیا تھا، تاہم 2024 میں ڈرامہ "جینٹلمین" کے ذریعے دوبارہ سکرین پر واپسی کی، وہ اس وقت مختلف ٹی وی اور شوبز منصوبوں میں مصروف ہیں۔