نیا تعلیمی سال، پنجاب میں اکیڈمک کیلنڈر حتمی شکل نہ پا سکا
06-23-2026
(ویب ڈیسک) نئے تعلیمی سال کے آغاز کے باوجود پنجاب میں اکیڈمک کیلنڈر تاحال حتمی شکل نہ پا سکا۔
نجی سکول مالکان کا کہنا ہے کہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات اور تعلیمی سرگرمیوں کا واضح شیڈول مرتب کیا جانا ضروری ہے، جبکہ سالانہ کم از کم 210 تدریسی دن یقینی بنائے جائیں، ان کے مطابق غیر اعلانیہ اور اضافی تعطیلات کے باعث نہ صرف تعلیمی نظام متاثر ہو رہا ہے بلکہ والدین بھی پریشانی کا شکار ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے اکیڈمک کیلنڈر کی تیاری کیلئے نجی سکولوں سے تجاویز طلب کی تھیں اور بیشتر سفارشات سے اتفاق بھی کیا گیا، تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود کیلنڈر جاری نہیں کیا جا سکا۔ دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم متعدد مواقع پر اکیڈمک کیلنڈر کی تیاری کا اعلان کر چکے ہیں، مگر اس حوالے سے پیش رفت سامنے نہیں آ سکی، نجی تعلیمی اداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی معاملات میں غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کیلئے اکیڈمک کیلنڈر کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے۔