لیسکو: نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ کے تحت شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ
06-23-2026
(ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ کے تحت شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں مجموعی پیداوار 2000 میگاواٹ کی حد عبور کر گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق لیسکو ریجن میں اب تک ایک لاکھ 35 ہزار 837 نیٹ میٹرنگ کنکشنز نصب کئے جا چکے ہیں، جس سے صارفین کی جانب سے قابلِ تجدید توانائی کے استعمال میں بڑھتی ہوئی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔ لیسکو حکام کے مطابق 9 فروری سے قبل موصول ہونے والی نیٹ میٹرنگ کی 1,204 زیر التوا درخواستوں کو پی آئی ٹی سی (PITC) پورٹل پر منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ ان درخواستوں کی بروقت پراسیسنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام نے بتایا کہ 9 فروری کے بعد موصول ہونے والی تمام نئی درخواستوں پر نیٹ بلنگ پورٹل کے ذریعے کارروائی کی جائے گی، اسی طرح 9 فروری کے بعد نیٹ میٹرنگ سسٹم کی استعداد (کیپیسٹی) اور لوڈ میں اضافے سے متعلق درخواستوں پر بھی نئے نیٹ بلنگ ریگولیشنز کا اطلاق ہو گا۔ توانائی کے شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ شمسی توانائی کی پیداوار میں مسلسل اضافہ نہ صرف صارفین کے بجلی کے اخراجات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے بلکہ قومی گرڈ پر بوجھ کم کرنے اور ماحول دوست توانائی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ لیسکو حکام کے مطابق نیٹ میٹرنگ اور نیٹ بلنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو تیز رفتار اور شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔