گلشن اقبال پولیس کی کارروائی، یونیورسٹی طالبہ کو ہراساں کرنے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار

06-23-2026

(لاہور نیوز) گلشن اقبال پولیس نے ون فائیو پر موصول ہونے والی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک یونیورسٹی طالبہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق طالبہ نے سفر کے لیے رکشہ کرایہ پر لیا تھا، تاہم رکشہ ڈرائیور اسے راستے میں ایک سنسان گلی میں لے گیا۔ طالبہ مسلسل ڈرائیور سے اپنی مقررہ منزل تک پہنچانے کا مطالبہ کرتی رہی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے طالبہ کو دوبارہ ملاقات کی شرط پر منزل تک پہنچایا۔ واقعے کے بعد طالبہ نے امتحان دینے کے بعد ملزم امجد کو دوبارہ بلایا اور ساتھ ہی پولیس کو بھی اطلاع دے دی۔ اطلاع ملتے ہی گلشن اقبال پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے طالبہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے یا ان کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس پی اقبال ٹاؤن نے بروقت کارروائی اور ملزم کی گرفتاری پر گلشن اقبال پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کو شاباش دی۔