کبریٰ خان کی سارہ علی خان اور شرمیلا ٹیگور سے خوشگوار ملاقات، ویڈیو وائرل
06-23-2026
(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان کی بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات سارہ علی خان اور شرمیلا ٹیگور کے ساتھ ملاقات، وائرل ویڈیو میں تینوں شخصیات کو انتہائی خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں کبریٰ خان ایک میز پر شرمیلا ٹیگور اور سارہ علی خان کے ہمراہ موجود ہیں۔ منظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شرمیلا ٹیگور میز کے دوسری جانب بیٹھی ہوئی ہیں اور وہ ایک پیالے سے چمچ کے ذریعے کچھ نکال کر محبت بھرے انداز میں کبریٰ خان کی جانب بڑھاتی ہیں۔ پاکستانی اداکارہ مسکراتے ہوئے شکریہ ادا کرتی ہیں اور پیش کی گئی چیز خوشی سے قبول کر لیتی ہیں۔ ویڈیو کے دوران سارہ علی خان بھی اس خوبصورت لمحے سے لطف اندوز ہوتی نظر آئیں اور انہوں نے تالیاں بجا کر اس دوستانہ ماحول کو سراہا۔ تینوں شخصیات کے درمیان خوشگوار کیمسٹری نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات کبریٰ خان کی سالگرہ کے موقع پر ہوئی۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اسے بے حد پسند کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کی فنکار شخصیات کو ایک ساتھ دیکھ کر مثبت ردِعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔