حج 2027 آن لائن رجسٹریشن: 24 گھنٹوں میں 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول
06-23-2026
(لاہور نیوز) حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جبکہ پہلے 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 124 افراد نے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی۔
حکام کے مطابق آن لائن پورٹل پر پہلے روز 30 ہزار سے زائد صارفین نے نئے یوزر اکاؤنٹس بھی قائم کیے۔ وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج 2027 کے لیے سرکاری اور پرائیویٹ دونوں سکیموں کے تحت جانے والے تمام عازمین کے لیے آن لائن رجسٹریشن لازمی ہوگی۔ وزارت کی جانب سے درخواست گزاروں کو رجسٹریشن کے دوران فیملی گروپ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اہلِ خانہ کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا جا سکے۔ پری رجسٹریشن کے مرحلے میں ڈیجیٹل تصویر اور قومی شناختی کارڈ یا ب فارم کی فراہمی ضروری قرار دی گئی ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ کارآمد پاکستانی پاسپورٹ کی شرط رجسٹریشن کے اگلے مرحلے میں لازمی ہوگی، جبکہ ابتدائی رجسٹریشن کے لیے پاسپورٹ درکار نہیں ہوگا۔