سرکاری سکولوں میں ہیڈ ٹیچرز کی تعیناتی کیلئے تحریری امتحان کا آج انعقاد

06-23-2026

(لاہور نیوز) سرکاری سکولوں میں ہیڈ ٹیچرز کی تعیناتی کو میرٹ پر یقینی بنانے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن نے تحریری امتحان آج 23 جون کو لیا جا رہا ہے۔

امتحان کے انعقاد کے لیے شفافیت اور مؤثر نگرانی کے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ محکمہ کے مطابق ہیڈ ٹیچر پوسٹنگ ٹیسٹ کا انعقاد پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کرے گی جبکہ تمام اضلاع کے سی ای اوز کو امتحان کے شفاف انعقاد میں مکمل تعاون کی ہدایت دی گئی ہے۔ امتحانی عمل کو منظم اور شفاف بنانے کے لیے امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ نگرانی کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ امتحان کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے، جبکہ امیدواروں کے لیے انٹرنیٹ سہولت سے آراستہ ٹیبلٹس کی فراہمی کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم نے ہر ضلع میں پیکٹا سے رابطے اور انتظامات کی نگرانی کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ امتحانی سرگرمیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔ حکام کے مطابق ہیڈ ٹیچرز کی میرٹ بیسڈ پوسٹنگ کے لیے امتحانی عمل کو شفاف، منظم اور بروقت مکمل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔