پنجاب پولیس کیلئے تنخواہوں اور پنشن کی مد میں 1 کھرب 61 ارب روپے سے زائد مختص
06-22-2026
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کیلئے مالی سال کے بجٹ میں 1 کھرب 61 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں جبکہ صرف تنخواہوں کی مد میں 61 ارب 66 کروڑ روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کے افسران کی بنیادی تنخواہوں کے لیے 5 ارب 33 کروڑ 90 لاکھ 94 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پرسنل پے کی مد میں 50 لاکھ 47 ہزار روپے، سپیشل پے کے لیے 60 لاکھ 70 ہزار روپے اور کوالیفکیشن پے کے لیے 47 لاکھ 54 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کنٹریکٹ پر تعینات افسران کی تنخواہوں کے لیے 1 ارب 20 کروڑ 68 لاکھ 68 ہزار روپے جبکہ شہید افسران کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 86 لاکھ 25 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور ملازمین کی بنیادی تنخواہوں کے لیے 54 ارب 23 کروڑ 85 لاکھ 14 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ملازمین کی پرسنل پے کے لیے 9 کروڑ 75 لاکھ 22 ہزار روپے، سپیشل پے کے لیے 16 کروڑ 56 لاکھ 27 ہزار روپے اور کوالیفکیشن پے کے لیے 61 لاکھ 30 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 42 کروڑ 53 لاکھ 48 ہزار روپے جبکہ شہداء کے ورثا کو ادا کی جانے والی تنخواہوں کی مد میں 13 کروڑ 77 لاکھ 97 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے مجموعی طور پر ایک کھرب 61 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جس کا مقصد فورس کے مالی امور کو مؤثر انداز میں چلانا اور ملازمین کو بروقت ادائیگیاں یقینی بنانا ہے۔