پراپرٹی مالکان کی اجازت کے بغیر نجی املاک پر کوئی ٹاور نصب نہیں کیا جائیگا، اعظم نذیر
06-22-2026
(لاہور نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ترمیمی بل کے حوالے سے ہونے والا ان کیمرہ اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کی۔
اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ترمیمی بل پر اٹھائے گئے اعتراضات جمہوری عمل کا حصہ ہیں اور تمام تحفظات جلد دور کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بل کی چند شقوں پر اعتراضات سامنے آئے ہیں، جن پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔ وزیر قانون نے واضح کیا کہ پراپرٹی مالکان کی اجازت کے بغیر نجی املاک پر کوئی ٹاور نصب نہیں کیا جائے گا۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عوامی خدشات کے ازالے کے لیے قانون میں مزید وضاحت شامل کی جائے گی تاکہ کسی قسم کا ابہام باقی نہ رہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی شہری کی ذاتی ملکیت یا پرائیویسی متاثر نہیں ہو گی، ان کا کہنا تھا کہ پراپرٹی مالکان کی اجازت کے بغیر نجی املاک پر نہ تو کوئی ٹاور نصب کیا جائے گا اور نہ ہی ٹیلی کام کمپنیوں کو کسی قسم کی سرگرمی کی اجازت ہوگی۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ڈیجیٹل ترقی، بہتر کنیکٹیویٹی، آئی ٹی، براڈ بینڈ اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں کی ترقی کے لیے مؤثر قانون سازی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کو آئی ٹی سے جوڑنے اور برآمدات میں اضافے کے لیے موجود رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے۔ اعظم نذیر تارڑ کے مطابق بل میں موجود ابہامات دور کرکے تمام تحفظات ختم کیے جائیں گے اور نجی املاک کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، نہ کہ نجی حقوق کو متاثر کرنا۔ وزیر قانون نے مزید بتایا کہ بل کے حوالے سے پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے ممکنہ ترامیم پر غور جاری ہے۔