ٹیکس نادہندگان اور خردبرد کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے کی ریکوری

06-22-2026

(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس ادائیگیوں میں مبینہ خردبرد اور نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد کاروباری مراکز کے ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 8 معروف فاسٹ فوڈ چینز سمیت 12 فوڈ پوائنٹس اور 4 پراپرٹی ڈویلپرز کے خلاف ایکشن لیا گیا، لاہور میں 7 فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹس، 2 دیسی فوڈ چینز اور ایک معروف کافی شاپ کے ریکارڈ میں بھی بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ اتھارٹی کے مطابق ٹیکس ادائیگیوں میں بے ضابطگیوں کے باعث کروڑوں روپے کی ریکوری کی گئی ہے جبکہ مزید جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے، اسی طرح ملتان اور سرگودھا میں بھی ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سروسز ٹیکس کی مد میں عوام سے وصول کیا گیا پیسہ حکومتی امانت ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی خردبرد یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام معاملات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ معظم اقبال سپرا  نے کہا کہ ٹیکس گوشواروں میں جعلسازی یا ڈیجیٹل ہیرا پھیری کرنے والوں کو بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا، عوام سے وصول کردہ ٹیکس کی بروقت ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ چیئرمین پی آر اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ بل کی ادائیگی کے بعد پی آر اے سسٹم سے منسلک رسید ضرور حاصل کریں اور اگر کوئی ادارہ ای بل جاری نہ کرے تو اس کی شکایت پی آر اے سہولت ایپ یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے درج کروائیں۔