سرکاری گاڑی سمیت تین ای چالان نادہندہ گاڑیاں پکڑی گئیں

06-22-2026

(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس نے لاکھوں روپے کے ای چالان جرمانے جمع نہ کروانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

 ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران سرکاری گاڑی سمیت تین ایسی گاڑیاں پکڑی گئیں جن پر ایک لاکھ روپے سے زائد کے ای چالان واجب الادا تھے، ٹریفک انسپکٹر ظہیر  نے کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ 34 ہزار روپے کے ای چالان نادہندہ گاڑی کو روک لیا، اسی طرح مال روڈ پر ٹریفک انسپکٹر اعظم  نے ایک لاکھ ایک ہزار روپے کے بقایا ای چالان والی سرکاری گاڑی کو تحویل میں لیا۔ دوسری جانب پٹرولنگ آفیسر عالم بٹ نے بھی ایک لاکھ 34 ہزار روپے کے ای چالان نادہندہ گاڑی کو پکڑ لیا، کارروائی کے بعد تینوں گاڑی مالکان  نے گاڑیاں بند ہونے کے خدشے کے پیش نظر فوری طور پر اپنے واجب الادا جرمانے جمع کرا دیئے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ لاکھوں روپے کے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے اور ایسے تمام کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور ٹریفک پولیس اور سیف سٹیز اتھارٹی کے اشتراک سے 16 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔ سی ٹی او لاہور  نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے وقت ای چالان ریکارڈ ضرور چیک کریں تاکہ بعد میں کسی قسم کی قانونی یا مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، شہری جرمانوں سے بچنے کیلئے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ای چالان بروقت ادا کریں۔