برائلر گوشت سستا، انڈوں کی قیمت میں اضافہ ہو گیا

06-22-2026

(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے بعد برائلر مرغی اور گوشت کے نرخوں میں کمی جبکہ انڈوں کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں 14 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کا سرکاری نرخ 439 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے، تاہم مختلف مارکیٹوں میں صافی گوشت 520 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث شہریوں  نے مہنگے داموں فروخت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسی طرح زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کا ریٹ 275 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں یہ 289 روپے فی کلو اور پرچون بازاروں میں 303 روپے فی کلو فروخت ہونے کا نرخ مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں ایک روپے فی درجن اضافہ کر دیا گیا ہے، نئے نرخوں کے تحت انڈے 215 روپے فی درجن فروخت کئے جائیں گے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 6 ہزار 330 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔