شاہدرہ پُل اور آزادی فلائی اوور کے اطراف تجاوزات، ٹریفک متاثر
06-21-2026
(لاہور نیوز) شاہدرہ پُل اور آزادی فلائی اوور کے اطراف تجاوزات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاں مین روڈ اور سروس لائن پر پھل، سبزیوں اور کپڑوں کے سٹالز قائم کر لیے گئے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق تجاوزات مافیا سڑک سے 4 سے 5 فٹ آگے تک ریڑھیاں لگا کر کاروبار جاری رکھے ہوئے ہے جس سے آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔ سٹالز کے علاوہ بے ہنگم انداز میں موٹر سائیکل رکشوں کی پارکنگ بھی قائم ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی اکثر سست روی کا شکار ہو جاتی ہے۔ راہگیروں کا کہنا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں کی طرح شاہدرہ اور اس کے اطراف کو بھی تجاوزات سے پاک بنایا جائے تاکہ ٹریفک کے مسائل میں کمی اور شہریوں کو آسانی میسر آ سکے۔