محرم سکیورٹی: صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کا محکمہ داخلہ کنٹرول روم کا دورہ

06-21-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جبکہ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبے بھر کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کنٹرول روم سے پنجاب بھر میں مرکزی جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا اور مختلف اضلاع کے کنٹرول رومز سے رابطہ کرکے انتظامات سے متعلق رپورٹ حاصل کی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر اور سیکرٹری داخلہ نے ڈیجیٹل میڈیا سیل کا بھی دورہ کیا جہاں سائبر پٹرولنگ رسپانس سسٹم اور آن لائن نگرانی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام مکمل عقیدت، احترام اور پُرامن ماحول میں گزر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں 37 ہزار سے زائد مجالس اور 9 ہزار سے زائد جلوسوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کی جیو ٹیگنگ کی گئی ہے جبکہ کابینہ کے وزراء مختلف اضلاع میں جا کر انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سائبر پٹرولنگ سیل فرقہ واریت پھیلانے میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہا ہے اور محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔