اپوزیشن نے 9 مئی سے کچھ نہیں سیکھا، انکی تقریر بغاوت سے شروع، ہتھیار پر ختم ہوئی: عظمیٰ بخاری
06-21-2026
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے 9 مئی سے ابھی بھی کچھ نہیں سیکھا، ان کی تقریب بغاوت سے شروع اور ہتھیار پر ختم ہوئی۔
پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جس زبان میں ایوان میں گفتگو ہوئی ہم ایسے نہیں کریں گے، جب باہر نکلتے ہیں گولیوں کی باتیں اور سر کاٹنے کی باتیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں، کرپشن کی باتیں ان کے منہ سے اچھی نہیں لگتیں، جب ثبوت مانگو تو ان کے پاس جواب نہیں ہوتا، سوشل میڈیا کی لائی باتیں یہاں کی جاتی ہیں، بجٹ کے دوران اچھے طریقے سے بجٹ سنا گیا، اپوزیشن پر کیمرہ آتا تو بولنا شروع کر دیتے ہیں تاکہ سوشل میڈیا پر ڈیموکریٹ ثابت ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب میں کام کرنے والی خاتون کیلئے ہم قصیدے پڑھتے ہیں، انتہائی تنقید کے بعد بھی صوبہ پنجاب کیلئے وہ خاتون کام کر رہی ہے، تین دنوں کی تقریروں میں الیکٹرک بسوں پر تنقید سنی، 80 کروڑ سے زائد سبسڈی فری ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پنجاب میں دی گئی، الیکٹرک بسوں کا سلسلہ جنوبی پنجاب سے شروع کیا گیا، چیف منسٹر کی بدولت 1100 نئی بسسیں پنجاب میں مزید پہنچ جائیں گی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم بھی تنقید کرتے رہے ہیں، لیکن کبھی احتیاط سے باہر نہیں ہوئے، خانیوال اور لیہ میں بھی الیکٹرک بس کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جتنی بچیوں نے بائیکس کیلئے اپلائی کیا انہیں فراہم کی گئیں، صرف جنوبی پنجاب کے 33 ہزار طلبہ کیلئے سکالر شپ دی گئی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کسانوں کو قرض دیا جا رہا ہے تاکہ مویشیوں کی دیکھ بھال بہتر کی جا سکے، غذائی قلت کی وجہ سے سکول میل پروگرام بنایا گیا، سکول میل پروگرام میں 13 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان دباؤ میں ہیںِ، تنقید کرنے پر ثبوت مانگا جائے تو ان کے پاس کچھ نہیں ہوتا، جنوبی پنجاب کے اندر بڑی تعداد میں گھر بن چکے ہیں، بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں، جانچ پڑتال کے بعد گھر فراہم کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروگرام اپوزیشن کو نظر نہیں آ رہے، پنجاب کے عوام اس سے مستفید ہو رہے ہیں، کیا ان لوگوں کو پشاور کی محرومیاں نظر نہیں آتی؟ اپوزیشن نے 9 مئی سے ابھی بھی کچھ نہیں سیکھا۔