حج 2027 کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کل سے ہوگا: وزارت مذہبی امور

06-21-2026

(لاہور نیوز) وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کیلئے رجسٹریشن کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت عازمین حج کل (22 جون 2026) سے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

وزارت کے مطابق حج 2027 کی رجسٹریشن سعودی ہدایات اور ضوابط کے مطابق مکمل کی جائے گی، جبکہ اس عمل کا مقصد عازمین حج کے لئے شفاف اور آسان سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ عازمین حج کو سرکاری ویب سائٹ www.hajj.mora.gov.pk پر اپنا یوزر اکاؤنٹ بنا کر اپنی اور اپنے گروپ کی تفصیلات کے ساتھ رجسٹریشن کرانا ہوگی، حکام نے ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن صرف فیملی پر مشتمل گروپس کی صورت میں کی جائے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن کے مرحلے پر پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم حج بلنگ کے مرحلے پر پاسپورٹ لازمی ہوگا اور بغیر پاسپورٹ کے کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک ہونا ضروری قرار دی گئی ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ افراد کو ہی حج 2027 کی بلنگ میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی، اور یہی افراد سرکاری یا پرائیویٹ حج سکیم میں شمولیت کا انتخاب بھی کر سکیں گے، یہ طریقہ کار بیرون ملک مقیم پاکستانی (اوورسیز) عازمین پر بھی لاگو ہوگا۔ وزارت کے مطابق حج 2027 کیلئے رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی، جبکہ حج پالیسی 2027 کے تحت اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط بعد میں الگ سے جاری کئے جائیں گے، بلنگ کا عمل ’’پہلے آئیں پہلے پائیں‘‘ کی بنیاد پر ہوگا اور مقررہ تعداد مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔