اداکار شہزاد مختار نے برسوں بعد زندگی کے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا
06-21-2026
(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار شہزاد مختار نے برسوں بعد زندگی کے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا۔
اداکار نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’’مذاق رات‘‘ میں شرکت کی اور اپنی زندگی کی ادھوری محبت سے متعلق دل چھو لینے والا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ میری ارینج میرج تھی، تاہم میری زندگی میں ایک ایسی محبت بھی تھی جو کبھی اپنے انجام تک نہ پہنچ سکی۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں انسان کی ہر خواہش پوری نہیں ہوتی، کچھ محبتیں ادھوری رہ جاتی ہیں، ہماری محبت بھی ایسی ہی تھی جس کا اظہار کبھی نہ ہو سکا، ہم ایک دوسرے کے قریب رہتے تھے اور صرف نگاہوں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کرتے تھے، ایک دوسرے کا انتظار کرتے، ایک دوسرے کو دیکھتے اور خاموشی سے محبت کرتے تھے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ یہ محبت تقریباً 7 برس تک جاری رہی، لیکن دونوں میں سے کسی نے بھی اپنے جذبات کا اظہار نہیں کیا، یہ قصہ 1983ء کا ہے جب میں صرف 19 سال کا تھا۔ شہزاد مختار نے مزید کہا کہ میں اس سے پہلے شادی کے بندھن میں بندھ گیا تھا، جب میں دلہا بن کر گاڑی میں بیٹھا تو وہ مجھے دیکھ رہی تھی اور صرف چار دن بعد اس کی بھی شادی ہوگئی، میں رویا تھا، شاید وہ بھی روئی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں میں نے اپنی تعلیم مکمل کی، ملازمت حاصل کی اور اپنے کیریئر پر توجہ دی، لیکن وہ محبت آج بھی میرے دل کے کسی کونے میں موجود ہے۔ اداکار کا مزید کہنا تھا کہ میں آج بھی یہی کہوں گا کہ اس نے بھی اپنے جذبات کا اظہار نہیں کیا اور میں نے بھی نہیں کیا، شاید ہم دونوں اپنی انا کی وجہ سے خاموش رہے اور اب وقت گزرنے کے بعد ہم دونوں خالی ہاتھ رہ گئے ہیں۔