اوپن مارکیٹ میں منافع خور مافیا کی من مانیاں ، پھلوں، سبزیوں کی مہنگے داموں فروخت
06-21-2026
(لاہور نیوز) اوپن مارکیٹ میں منافع خور مافیا کی من مانیاں جاری ہیں،پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمانوں پر پہنچ گئی ہیں، جس کے باعث شہری شدید مہنگائی کے بوجھ تلے دب گئے ہیں۔
سبزیاں اور پھل سرکاری قیمتوں کے مقابلے میں 50 سے 100 روپے تک مہنگے فروخت کیے جا رہے ہیں جبکہ شہری مجبوراً زائد نرخوں پر خریداری کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیاز سرکاری قیمت 80 روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو، ٹماٹر 100 کے بجائے 160 روپے، چائنیز لہسن 350 کے بجائے 420 روپے، ادرک 295 کے بجائے 380 روپے اور سبز مرچ 90 کے بجائے 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح شلجم 50 کے بجائے 70 سے 80 روپے، مٹر 190 کے بجائے 230 روپے، بھنڈی 100 کے بجائے 150 روپے، فارمی پالک 25 کے بجائے 60 روپے اور ٹینڈے 80 کے بجائے 200 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں،کریلے 80 کے بجائے 120 روپے، لیموں 140 کے بجائے 245 روپے، فالسے 270 کے بجائے 280 روپے، چیکو 235 کے بجائے 270 روپے اور خربوزہ 70 کے بجائے 80 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیب 250 کے بجائے 280 روپے، کیلے 215 کے بجائے 250 روپے فی درجن، آم 120 کے بجائے 180 روپے فی کلو جبکہ الائچی 605 کے بجائے 780 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔