آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو مسلسل تیسری شکست

06-20-2026

(لاہور نیوز) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ویمن ٹیم کو ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، بنگلا دیش ویمن ٹیم نے پاکستان کو شکست دے دی۔

بنگلا دیش ویمن ٹیم  نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے۔ یوں 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم مطلوبہ سکور حاصل نہ کر سکی، قومی ٹیم 20 اوورز میں8 کھلاڑیوں کے نقصان 100 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے منیبہ علی 25 اور گل فیروزہ 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ عائشہ ظفر نے 11 جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے 10 رنز بنائے تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں اور ٹیم ہدف کے حصول میں ناکام رہی۔