پنجاب حکومت کے کفایت شعاری اقدامات واپس، توانائی بچت سے متعلق بیشتر پابندیاں بھی ختم
06-20-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے ایندھن کے تحفظ اور اضافی کفایت شعاری اقدامات واپس لینے کی منظوری دے دی جبکہ توانائی بچت سے متعلق بیشتر پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے سیکرٹری صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب سید مسعود نعمان نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 10 مارچ 2026 کے بعد نافذ کیے گئے کفایت شعاری اقدامات واپس لے لیے گئے ہیں، تاہم مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اوقات کار بدستور برقرار رہیں گے۔ دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریستوران، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے، البتہ ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح فارمیسیز، ہسپتال، لیبارٹریز اور میڈیکل سٹورز پر اوقات کار کی کوئی پابندی عائد نہیں ہو گی، پٹرول پمپس، سی این جی سٹیشنز اور برقی گاڑیوں کے چارجنگ مراکز بھی پابندیوں سے مستثنیٰ رہیں گے۔ پنجاب حکومت نے معلوماتی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی بندش کے اوقات سے استثنیٰ دے دیا ہے۔