لاہور ہائیکورٹ میں 10 نئے ججز کی تقرری کا فیصلہ

06-20-2026

(محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں 10 نئے ججز کی تقرری کا فیصلہ کر لیا گیا، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سمیت تمام جوڈیشل کمیشن کے ممبران سے 4 جولائی تک نام مانگ لئے گئے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 10ججز کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں سینئر اور قابل وکلا کو لاہور ہائیکورٹ کا جج مقرر کرنے کیلئے 4 جولائی تک نامزدگیاں جمع کروانے کا کہا گیا ہے۔ سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت جوڈیشل کمیشن کے تمام ممبران کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 4 جولائی تک 10 خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے سینئر، قابل اور شفاف کردار کے حامل وکلا کو نامزد کرکے نام جوڈیشل کمیشن کو ارسال کئے جائیں، جس کے بعد جوڈیشل کمیشن باضابطہ طور پر اجلاس طلب کرے گا۔ یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں کل ججز کی آسامیوں کی تعداد 60 ہے، اس وقت 41 ججز فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ 19 ججز کی آسامیاں خالی ہیں۔