سرکاری کالجوں میں مفت ایم ڈی کیٹ تیاری پروگرام کیلئے سینٹرز قائم کرنے کی تجویز

06-20-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سرکاری کالجوں میں مفت ایم ڈی کیٹ تیاری پروگرام کیلئے مزید 6 نئے سینٹرز قائم کرنے کی تجویز سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق بڑے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ایک، ایک اضافی سینٹر قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو مفت تیاری کی سہولت فراہم کی جا سکے، اس حوالے سے ڈی پی آئی کالجز  نے نئے سینٹرز کے قیام کیلئے محکمہ ہائر ایجوکیشن کو باقاعدہ پروپوزل ارسال کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال پنجاب بھر میں ایم ڈی کیٹ کی تیاری کیلئے 54 سینٹرز قائم کئے گئے تھے، جہاں ہزاروں طلبہ نے مفت کوچنگ حاصل کی، مسلسل تین برس سے سرکاری کالجوں میں طلبہ کو بغیر کسی فیس کے ایم ڈی کیٹ کی تیاری کروائی جا رہی ہے، جسے طلبہ اور والدین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک سینٹر کے انتظامات پر تقریباً ایک لاکھ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، نئے سینٹرز کی منظوری کی صورت میں مزید طلبہ اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے سے ایم ڈی کیٹ پریپریشن کیمپس شروع کئے جانے کا امکان ہے، تاہم حتمی شیڈول محکمہ ہائر ایجوکیشن کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔