پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں ای ٹینڈرنگ سے 80 ارب روپے کی بچت کی گئی: مریم نواز
06-20-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں ای ٹینڈرنگ کے ذریعے مجموعی طور پر 80 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے، سرکاری فنڈز عوام کی امانت ہیں اور ان کی پائی پائی کی حفاظت اور بچت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں سیوریج اور ڈرینج منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 30 جون تک تمام سیوریج اور ڈرینج پراجیکٹس ہر صورت مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں کھدائی کرکے گڑھے کھلے چھوڑنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ سیوریج اور ڈرینج منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلیوں، محلوں اور سڑکوں کو کھدائی کے بعد ادھورا چھوڑنا قابل قبول نہیں کیونکہ اس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت انڈر گراؤنڈ سٹوریج واٹر ٹینکس میں ڈی سلٹنگ اور انڈر گراؤنڈ واٹر ری چارج سسٹم بھی شامل کیا گیا ہے۔ صوبہ بھر میں 8 لاکھ 38 ہزار 555 مین ہولز کی جیو ٹیگنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ ان پر حفاظتی نیٹ اور میش نصب کرنے کا کام جاری ہے۔ مختلف شہروں میں 3 ہزار سے زائد مین ہولز پر نیٹ اور میش نصب کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام مین ہولز پر جلد از جلد نیٹ اور میش لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو بھی اس منصوبے میں شامل کرنے پر اتفاق کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 41 شہروں میں پہلی مرتبہ ڈرین نالوں اور سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کی گئی، جس کے دوران سیوریج لائنوں اور نالوں سے 550 ٹن سلٹ، گارا اور دیگر مواد نکالا گیا۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں سڑکوں کے کنارے 110 انڈر گراؤنڈ سیوریج سٹوریج ٹینکس مکمل کیے جا چکے ہیں جن کی مجموعی سٹوریج گنجائش 24.5 ملین گیلن ہے۔ اس کے علاوہ 2 لاکھ مین ہولز پر کور اور نئے ڈھکن نصب کیے جا چکے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں 91 جیٹنگ اور سکشن مشینیں، 77 ڈی سلٹنگ مشینیں اور 100 ڈی واٹرنگ سیٹس کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 204 ارب روپے کی لاگت سے فیز ون اور فیز ٹو پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ پنجاب کے 51 شہروں میں 26 ارب 10 کروڑ روپے کی لاگت کے منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بارشی پانی کے 196 کلومیٹر طویل ڈرین سسٹم اور 3 ہزار 497 کلومیٹر طویل سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے۔ فیز ون کے تحت سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، گجرات، اوکاڑہ، جھنگ، ملتان اور سیالکوٹ میں 57 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اسی طرح فیز ٹو کے تحت جہلم، حافظ آباد، ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور راولپنڈی میں بھی 57 فیصد سے زائد کام مکمل ہونے کی اطلاع دی گئی۔