پناہ گزین ہونا جرم نہیں بلکہ ایک کربناک مجبوری ہے: مریم نواز شریف
06-20-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں بلکہ ایک کربناک مجبوری ہے، کوئی بھی شخص شوق سے پناہ گزین نہیں بنتا بلکہ زندگی بچانے کے لیے اسے اپنا آنگن، اپنی مٹی اور اپنی چھت چھوڑنی پڑتی ہے۔
انہوں نے پناہ گزین افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنگیں تو ختم ہو جاتی ہیں لیکن مہاجرین کی بے گھری کے اثرات نسلوں تک باقی رہتے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ فلسطین اور شام کے دربدر مہاجرین انسانیت کے لیے ایک کڑے امتحان کے مترادف ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دنیا کو یہ ادراک ہونا چاہیے کہ پناہ مانگنے والا کمزور نہیں بلکہ مظلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود فراخدلی کے ساتھ لاکھوں مہاجرین کی باعزت میزبانی کی ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوموں کی آواز بنا ہے اور مہاجرین کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ دنیا میں امن قائم ہو، ظلم کا خاتمہ ہو اور ہر انسان کو اپنے شہر اور اپنے گھر میں سکون اور تحفظ نصیب ہو۔