نادرا کا جعلی شناختی دستاویزات کے خلاف کریک ڈاؤن، مشکوک افراد کو نوٹسز
06-20-2026
(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ریجنل ہیڈکوارٹر نے مشکوک شناختی کارڈ ہولڈرز کی نئی فہرست جاری کرتے ہوئے متعلقہ افراد کو تصدیق کیلئے طلب کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام مشکوک افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دو ہفتوں کے اندر نادرا بورڈ کے سامنے پیش ہو کر اپنی شناخت کی تصدیق کروائیں، مقررہ مدت کے دوران پیش نہ ہونے والے افراد کے قومی شناختی کارڈ فوری طور پر بلاک کر دیئے جائیں گے۔ نادرا نے جعلی اور مشکوک شناختی دستاویزات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں 1152 سے زائد مشکوک شناختی کارڈ ہولڈرز کو نوٹسز جاری کئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پشاور کے 874، چارسدہ کے 192 اور ٹانک کے 81 رہائشیوں کو طلبی کے نوٹسز بھیجے گئے ہیں، اس کے علاوہ ضلع تورغر کے 2 جبکہ جہلم کے ایک مشکوک شناختی کارڈ ہولڈر کو بھی تصدیق کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ نادرا حکام کا کہنا ہے کہ قومی شناختی نظام کی شفافیت برقرار رکھنے اور جعلی دستاویزات کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ مشکوک ریکارڈ رکھنے والے افراد کی جانچ پڑتال سختی سے کی جائے گی۔