پنجاب میں نوجوانوں کیلئے بڑا اقدام، یوتھ انکیوبیشن پروگرام کے تحت تعلیم
06-19-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے تعلیم، ٹیکنالوجی اور جدت کے فروغ کے لیے ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب یوتھ انکیوبیشن پروگرام کے آغاز کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔
یہ شراکت داری محکمہ تعلیم اور ہیلپنگ ہینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کے درمیان طے پائی ہے، جس کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ معاہدے کے تحت سرکاری سکولوں کے باصلاحیت طلبہ کو عالمی معیار کے تعلیمی اور ٹیکنالوجی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی بلکہ انہیں عملی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ پروگرام کے تحت سوشل انکیوبیشن کے ذریعے ڈیجیٹل لٹریسی، سفارتکاری اور کانٹینٹ کری ایشن جیسی اہم مہارتوں کی تربیت دی جائے گی تاکہ نوجوان ڈیجیٹل دنیا میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے سٹیم (STEM) مقابلہ جات کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جس سے سائنسی اور تکنیکی میدان میں جدت اور تخلیقی سوچ کو فروغ ملے گا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام پنجاب میں تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور نوجوانوں کو عالمی سطح کے مواقع سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔